Post Top Ad

Your Ad Spot

Monday, November 27, 2023

کراچی میں آتشزدگی سے متاثرہ شاپنگ مال سیل کرنے کا حکم

تفتیش کے دوران فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو ابتدائی تحقیقات میں اہم شواہد مل گئے


کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آتشزدگی سے متاثرہ شاپنگ مال سیل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیئر سپریٹنڈنٹ پولیس ایسٹ انویسٹی گیشن سعود مگسی نے راشد منہاس روڈ پر واقع آگ سے متاثرہ شاپنگ مال سیل کرنے کا حکم دیا ہے، انہوں نے متاثرہ شاپنگ مال کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شاپنگ مال کے بلڈر سے نقشہ طلب کیا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ ہنگامی اخراج یا حفاظتی انتظامات تھے یا نہیں۔

سعود مگسی نے بتایا کہ تفتیش کیلئے کمیٹی میں ایک انجینئر کو بھی شامل کیا ہے، کچھ شواہد ملے ہیں لیکن ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا، تمام متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا ہے، انجینئرز اور ماہرین کے ساتھ دورہ کریں گے، جو ذمہ داران ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، مقدمے کے اندراج میں کوئی جلد بازی نہیں کی جائے گی، ابتدائی مقدمے میں صرف انفارمیشن دی گئی ہے، ماہرین کے یہاں آنے اور شواہد جمع کرنے تک شاپنگ مال کو سیل کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے کے اہم شواہد بھی سامنے آئے ہیں، اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقاتی ٹیم نے متعدد بار گراؤنڈ سے ٹاپ فلور تک عمارت کا جائزہ لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے عمارت کا تیسرا چوتھا اور پانچواں فلور متاثر ہوا، مال میں پہلی سے پانچویں منزل تک بنائی گئی ڈک بند پائی گئی، عمارت پر چھٹا فلور تعمیر کیا جارہا تھا جس کے باعث ڈک بند ہوئی جبکہ تیسرے، چوتھے اور پانچویں فلور کا راستہ انتہائی تنگ تھا، عمارت کی بالائی منزلوں پر وینٹی لیشن کا بھی کوئی موثر نظام نہیں پایا گیا، تاہم ماہرین کی رائے اور غفلت کے مرتکب افراد کی نشاندہی ہوجانے کے بعد ایکشن لیا جائے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عمارت کے اندر ایئر کنڈیشن کے اوٹرز بھی غیر مناسب طریقے سے لگے پائے گئے اور ہنگامی اخراج کا بھی کوئی راستہ نہیں پایا گیا، عمارتوں کے انسپکشن کے ذمہ دار اداروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے، بلڈنگ کا نقشہ کیسے اور کتنا پاس ہوا تھا اور اس پر عملدرآمد کتنا ہوا، دیکھا جارہا ہے۔

No comments:

Post a Comment